میں تیرا فن ہوں

میں تیرا فن ہوں ۔۔ یہی فن ترا غرور ہُوا

تری انا کا مری ذات سے ظہور ہُوا


ترے وجود کو وحدت ملی تو مجھ سے ملی

تو صرف ایک ہُوا ‘ جب میں تجھ سے دُور ہُوا


بس ایک حادثہء کن سے یہ جدائی ہوئی

میں ریگِ دشت ہُوا ‘ تو فرازِ طُور ہُوا


ترے جمال کا جو ہر مرا رقیب نہ ہو

میں تیری سمت جب آیا تو چُور چُور ہُوا


عجیب طرح کی اِک ضد مرے خمیر میں ہے

کہ جب بھی تیرگی اُمڈی میں نُور نُور ہُوا


یہ اور بات ۔۔ رہا انتظار صدیوں تک

مگر جو سوچ لیا میں نے ‘ وہ ضرور ہُوا

شاعر کا نام :- احمد ندیم قاسمی

کتاب کا نام :- انوارِ جمال

دیگر کلام

نام ربّ انام ہے تیرا

میرے مالک اے خدائے ذوالجلال

کیا حَمد کر سکے گی میری زبان تیری

ہمیشہ اپنے بندوں پہ رہا لطف و کرم تیرا

مجھے رنگ دے

اے خُدا

کُملائی ہوئی روح کُو یارب گُلِ تر کر

حمدیہ اشعار

مرے لئے مرے اللہ دو حرم ہیں بہت

نہیں ہے کوئی بھی اللہ کے سوا موجود