فہم و ادراک سے ماورا شان ہے
میرا آقاؐ تو نبیوں کا سلطان ہے
مثل سے ما ورا حسن تیرا شہا
خُلق تیرا تو سارا ہی قرآن ہے
سرورِ دو جہاں یہ محبت ترِی
جزوِ ایماں نہیں عینِ ایمان ہے
جانتا ہے تجھے سارا عالم مگر
جس نے مانا تجھے وہ مسلمان ہے
تیری ناموس پر اے شہِ انبیاءؐ
میرا تن میرا دھن سارا قربان ہے
میرے ملجا و ماوٰی !کرم کیجئے
غمزدہ اُمّتی تیرا ہلکان ہے
سبز گنبد کے صدقے ہرا کر اسے
میرا قلبِ حزیں دشتِ ویران ہے
قابَ قوسین و ادنیٰ میں اُمّت کا غم
عاصیوں پر یہ آقاؐ کا احسان ہے
بس حقیقت میں عارف وہی ہے جلیل
جس کو پیارے محمدؐ کی پہچان ہے