ضروری انؐ کی حضوری ہے زندگی کے لیے
وگرنہ موت یہ دوری ہے زندگی کے لیے
نبیؐ کی نعت رضائے خدا کا حاصل ہے
’’نبیؐ کی نعت ضروری ہے زندگی کے لیے‘‘
ہمارے بخت کی تِیرہ شبی مٹاتی ہے
ثنا وہ مشعلِ نوری ہے زندگی کے لیے
وہ اہلِ بیتِ نبیؐ کی حیات ہے جس میں
خلوص و رہبری پوری ہے زندگی کے لیے
حضورؐ آپ کے دیدار کے بِنا میری
مراد ساری ادھوری ہے زندگی کے لیے
صفاتِ حق کی صلابت ہے اس یقین کے ساتھ
یہی بقائے ظہوری ہے زندگی کے لیے
خلوصِ حبِ نبیؐ میں لکھی ثنا طاہرؔ
مساعی گو کہ شعوری ہے زندگی کے لیے
شاعر کا نام :- پروفیسر محمد طاہر صدیقی
کتاب کا نام :- طرحِ نعت