کبھی رنج آئے نہ آلام آئے

کبھی رنج آئے نہ آلام آئے

جہاں مصطفیٰ کا یہ انعام آئے


تمنا تھی یارب مرے گھر بھی اک دن

یہ اک موئے زُلفِ سیہ فام آئے


مرے گھر کے دیوار و در آج مہکے

مرے اشک آخر مرے کام آئے


فرشتوں کی آمد ہے آج اس مکاں میں

کوئی صبح آئے کوئی شام آئے


ارے زائرو یہ ادب کی ہے منزل

کہیں بے ادب کا نہ الزام آئے


سوائے درودوں کے لب پر نہ کچھ ہو

جو آئے محمد کا ہی نام آئے


مریض ایک رو رو کہ یہ کہہ رہا ہے

صحت کا میرے ہاتھ میں جام آئے


ادیبؔ آپ کا گھر ہے جنت سے بڑھ کر

جہاں میرے سرکار مرے کام آئے