کیامیسر ہے ، میسر جس کو یہ جگنو نہیں
نعت کیا لکھے گا جس کی آنکھ میں آنسو نہیں
اللہ اللہ رحمۃُ‘ لِلّعالَمینی آپؐ کی
آپ جیسا دہر میں کوئی ملائم خو نہیں
اسم احمدؐ سے مہک اُٹھی ہے بزم کائنات
گلشنِ تخلیق میں ایسی کوئی خوشبو نہیں
اک یہی نسخہ توجملہ علّتوں کا ہے علاج
آپ کے پیغام میں کس درد کا دارو نہیں
اللہ اللہ مصطفیؐ کی سیرت و کردار کا
کون سا پہلو ہے جس میں خیر کاپہلو نہیں