نبیؐ کی نعت جہاں تک سنائی دے

نبیؐ کی نعت جہاں تک سنائی دے مجھ کو

تو رنگ و نور کی دنیا دکھائی دے مجھ کو


مرِے نبیؐ! مرِے لفظوں میں نعت ہی اُبھرے

کچھ ایسے رنگ کی نغمہ سرائی دے مجھ کو


گزار دوں میں ترِی یاد میں حیات اپنی

درونِ سینہ کچھ ایسی صفائی دے مجھ کو


تِرے سوا مِرا ہمدرد کون ہے آقا

غم والم کے جہاں سے رہائی دے مجھ کو


میں تخت و تاج کی خواہش کوئی نہیں رکھتا

بس اپنے در کی ہی مولاؐ گدائی دے مجھ کو


نبیؐ کا نام ہی لے لے کے زندگی گزرے

نبیؐ کا نام ہی فیضیؔ سنائی دے مجھ کو