اُٹھا کے ہاتھ اُسی کو پکارتا ہوں میں

اُٹھا کے ہاتھ اُسی کو پکارتا ہوں میں

مقام جس کا ہے میری رگِ حیات کے پاس


کیا یہ خاص کرم اس نے نوعِ انساں پر

بنا دیا جو حبیبؐ اپنا غمگسارِاناس


حبیبؐ وہ جو بنا کائنات کا نوشاہ

رسوؐل وہ جو ہُوا اس کی شان کا عکاّس


حبیبؐ وہ جو محّمدؐ بھی ہے تو احمدؐ بھی

سکھاگیا جو خدائی کو حمد و شکر و سپاس


نبیؐ وہ جس کے لیے محملِ زمانہ رکا

نبیؐ وہ جس نے کیا لا مکان میں اجلاس


کتاب اُس پہ اتاری تو وہ کتابِ مُبیں

جو نورِرُشد و ہدایت ہے، قاطعِ وسواس


اُسی نے مدحِ رسالت مآبؐ کی خاطر

دیا گداز لب و لہجہ کو، زباں کو مٹھاس


کرم ہو شاملِ حال اُس کا تو ہے اک نعمت

وگرنہ کربِ مسلسل ، طبیعتِ حسّاس


کوئی قریب سے کہتا ہے میں ہوں تیرے ساتھ

ہجوِم غم میں کسی وقت بھی جو دل ہواُداس


تسلّیاں مجھے ہر آن کوئی دیتا ہے

نہ کر سکیں گے ہراساں مجھے کبھی غم ویاس


عجیب ذکرِ الہٰی میں ہے اثر تائبؔ

مٹائے زیست کی تلخی ، بجھائے روح کی پیاس