میرے خیال و خواب کو اپنا خیال بخش
عرفان اپنی ذات کا اے ذوالجلال بخش
انوار تیرے دیکھ سکوں ، کیا مری مجال
اپنے حبیب کا مجھے مولا جمال بخش
حمدیں میں تیری شان کے قابل لکھا کروں
میری نگارشات کو حسنِ کمال بخش
تیرے حضور شرک سے بچنے کی ہے دعا
توفیق، لاشریک ! مجھے بے مثال بخش
روزی رساں ہے ایک تری ذات اے خدا
اپنی جناب سے مجھے رزقِ حلال بخش
دریوزہ گر کسی کی نہ ہو امّتِ حضورؐ
محنت کی اس کے ہاتھ میں مولا کدال بخش
اپنی امان دے مرے اہل و عیال کو
آسودگی ہو جس میں وہ فردا و حال بخش
طاہر ترے حبیبؐ کے صدیقؓ کی ہے آل
رویت نبیؐ کی اس کو بفیضانِ آل بخش