قلم نے میرے ہے چوما، عقیدت سے محبت سے
تری توحید کا جھنڈا، عقیدت سے محبت سے
خدا کی حمد کا ہر لفظ ضُوبار و فروزاں ہے
جہاں بھر میں ہے یہ چمکا، عقیدت سے محبت سے
نبوت اور خلافت کے امینوں سے کوئی سیکھے
ہر اک حکمِ خدا مانا، عقیدت سے محبت سے
خدائے پاک کی رحمت جہاں ہر دم برستی ہے
وہ کعبہ ہم نے دیکھا ہے عقیدت سے محبت سے
زباں پہ حمدِ باری ہو ترے اے زائرِ کعبہ
وہاں جانا تو بس جانا، عقیدت سے محبت سے
خدا نے حمد لکھنے کی مجھے توفیق بخشی ہے
ہر اِک ہی حرف ہے لکھا، عقیدت سے محبت سے
خدا نے بھیجا جنت سے، اُسی پتھر کو اے طاہرؔ
مری آنکھوں نے ہے چوما، عقیدت سے محبت سے