جاذبِ نورِ شریعت حضرتِ سید میاں
سالکِ راہِ طریقت حضرتِ سید میاں
آفتابِ علم و حکمت حضرتِ سید میاں
مخزنِ نورِ ولایت حضرتِ سید میاں
جن کی سیرت آئینہ دارِ حدیثِ مصطفیٰ
عاملِ قرآن و سنّت حضرتِ سید میاں
شارحِ شرعِ مبیں ان کا قلم ان کی زباں
ترجمانِ دینِ فطرت حضرتِ سید میاں
صاحبِ سبعِ سنابل کی عبارت کے امیں
عبدِ واحد کی وراثت حضرتِ سید میاں
خاندانِ برکت اللٰھی کے تھے چشم و چراغ
نور عینِ شاہِ برکت حضرتِ سید میاں
کاشف الاستار تھے وہ شاہ حمزہ کے طفیل
صاحبِ نورانی نسبت حضرتِ سید میاں
تھے سراپا حضرتِ اچھے میاں کے جانشیں
افتخارِ قادریت حضرتِ سید میاں
حضرتِ نوری میاں کے نور کے پرتو تھے وہ
نورِ احمد کی لطافت حضرتِ سید میاں
حضرتِ مہدی میاں سے جذب ورثے میں ملا
صاحبِ پاکیزہ فطرت حضرتِ سید میاں
پیر و مرشد نے نوازا جن دعاؤں سے انہیں
ان دعاؤں کی کرامت حضرتِ سید میاں
مسلکِ احمد رضا کے وہ علم بردار تھے
جاں نثارِ اعلیٰ حضرت حضرتِ سید میاں
حضرتِ صدر الشریعتہ نے جنہیں تعلیم دی
نائبِ صدر الشریعتہ حضرتِ سید میاں
مفتیِ اعظم جنہیں خط میں لکھیں یا سیدی
ہاں وہی فخرِ سیادت حضرتِ سید میاں
سنیوں کو دے گئے سنی جماعت کا علَم
مرحبا صدرِ جماعت حضرتِ سید میاں
حافظ و قاری خطیب و مفتی شاعر ادیب
صاحبِ کشف و کرامت حضرتِ سید میاں
نام سن کر دیوبندی کانپتے ہیں آج بھی
قاطعِ کفر و ضلالت حضرتِ سید میاں
جن کے فتووں نے مچائی دھوم ہند و پاک میں
صاحبِ علم و فضیلت حضرتِ سید میاں
چشتیت اور قادریت کا حسیں سنگم تھے وہ
جامعِ زہد و ریاضت حضرتِ سید میاں
کتنے ہی گمراہ ان کے ہاتھ پر تائب ہوئے
غوث و خواجہ کی کرامت حضرتِ سید میاں
جن کے دم سے ارضِ مارہرہ کو پہچانا گیا
نازشِ مارہرویت حضرتِ سید میاں
اپنے وعظوں میں سراسر علم کرتے تھے بیاں
شاہِ اقلیمِ خطابت حضرتِ سید میاں
رب نے اپنے فضل سے بخشا انہیں دستِ شفا
طبِ یونانی کی عزت حضرتِ سید میاں
مسندِ ارشاد پر وہ عمر بھر فائز رہے
مرشد و پیرِ طریقت حضرتِ سید میاں
حق کی خاطر دولتِ دنیا کو ٹھوکر مار دی
پاس دار فقر و غربت حضرتِ سید میاں
بے خطر بے خوف ہو کر حق کہا حق ہی لکھا
مردِ حق فردِ حقیقت حضرتِ سید میاں
جن کے لب پر ہر گھڑی تھا ذکرِ اللہ الصمد
ذاکرِ توحید وحدت حضرتِ سید میاں
باپ ماں دونوں ہی جانب سے حسینی خون تھا
صاحب نورانی نسبت حضرتِ سید میاں
حیدری نسبت حسینی خون مشرب قادری
حامل پاکیزہ نسبت حضرتِ سید میاں
ذکرِ اثبات و نفی تھا جن کی عادت میں شمار
نکتہ دانِ سرِّ وحدت حضرتِ سید میاں
فارسی عربی و اردو ہندی انگریزی میں طاق
ماہرِ ہر فنّ و صنعت حضرتِ سید میاں
رافضیوں کے لیے تھے ذوالفقارِ حیدری
سر گروہ اہلِ سنّت حضرتِ سید میاں
دین کی خاطر حکومت تک سے وہ ٹکرا گئے
فرد میدانِ سیاست حضرتِ سید میاں
جشنِ میلاد النبی ہو یا جلوسِ غوثیہ
صاحبِ عالی قیادت حضرتِ سید میاں
ان کی نظروں میں نہ تھا چھوٹے بڑے کا امتیاز
تھے علمدارِ اخوت حضرتِ سید میاں
نظمی عاصی نے یہ کہہ کر رکھا اپنا قلم
ہم پہ تھے اللہ کی رحمت حضرتِ سید میاں