ختم الرّسُل ہیں نُورِ نظر جانِ آمنہ

ختم الرّسُل ہیں نُورِ نظر جانِ آمنہ

ہم ہیں بہ صد خلوص ، ثنا خوانِ آمنہؒ


رُتبہ بُلند ، اور بڑی شانِ آمنہؒ

دُنیا کی ساری مائیں ہیں ، قُربانِ آمنہؒ


ہم کو مِلے رسوؐلِ خدا اِن کی گود سے

اُمّت پہ ہے یہ شفقت و احسانِ آمنہؒ


شاہِ عربؐ کی والدہء ماجدہ ہیں آپ

اللہ رے یہ مرتبہ و شانِ آمنہ ؒ


دونوں جہان جس کی ضیا سے ہیں فیض یاب

و ہ نُورِ حق ہے ، مہرِ درخشانِ آمنہؒ


تخلیقِ کائنات کا باعث ، رسوؐل ہیں

لکّھا گیا یہ باب، بعنوانِ آمنہؒ


اُن کی نوازشات ہیں میری نگاہ میں

مَیں ہُوں نصیؔر! دل سے ادب دانِ آمنہ ؒ