کیوں کر نہ ہوں معیارِ سخا فاطمہ زہرا

کیوں کر نہ ہوں معیارِ سخا فاطمہ زہرا

ہیں دخترِ محبوبِؐ خدا فاطمہ زہرا


ہیں نُورِ محمدؐ بخدا ، فاطمہ زہرا

محشر میں ہیں رحمت کی گھٹا فاطمہ زہرا


مادر ہیں وہ زینب کی حسین اور حسن کی

ہیں آلِ محمدؐ کی رِدا فاطمہ زہرا


پُوچھا جو کسی نے کہ ہیں خاتونِ جِناں کون ؟

آہستہ سے رضواں نے کہا ، فاطمہ زہرا


ایک ایک نظر حاملِ صد لُطف و کرم ہے

ہیں وارثِ فیضان و عطا فاطمہ زہرا


ہے اُن کا ہے اکسیر پئے ردِّ بلیّات

ہیں درد کی میرے بھی دوا فاطمہ زہرا


اوصافِ حمیدہ میں وہ ممتاز ہیں سب سے

ہیں جُملہ خواتیں سے جُدا فاطمہ زہرا


دیتی ہے وفائے حَسَنَین اِس کی شہادت

ہر لمحہ تھیں راضی بہ رِضا فاطمہ زہرا


اب تو ہے نصیؔر اُں سے عقیدت کا یہ عالَم

ہر حال میں ہے وِرد مِرا "فاطمہ زہرا "