میرے آقا کی نُورِ نظر فاطمہ
مرحبا ! اُن کی لختِ جگر فاطمہ
آپ کہتے ہیں اَھلاً و سَھلاً تُجھے
خود شہنشاہِ جنّ و بشر فاطمہ
نوکِ نیزہ پہ پڑھ کر کلامِ خدا
ہو گیا تیرا بیٹا امر فاطمہ
اس تزوّج پہ طُوبیٰ کے اشجار نے
کتنے برسائے لعل و گُہر فاطمہ
سب جوانانِ جنّت کے سردار ہیں
مرحبا ! تیرے دونوں پسر فاطمہ
حُکم ہوگا سروں کو جُھکا لیجئے
جس گھڑی ہوگا تیرا گُزر فاطمہ
تیرے در پر کھڑی ہاتھ باندھے ہوئے
سر نگوں ساری نوعِ بشر فاطمہ
میری ماں ، بہن ، بیٹی ،کنیزیں تری
میں اُٹھا کر یہ کہتا ہوں سر فاطمہ
تیرے بچوں کے دُشمن جو ملعون ہیں
پھر رہے ہیں سبھی در بدر فاطمہ
اپنے بابا سے کہہ دیں، کرم کیجئے
ورنہ جائیں گے عاصی کدھر فاطمہ
تیرے بچوں کا نوکر جلیلِ حزیں
ہو کرم کی اِدھر بھی نظر فاطمہ