تخلیق کا عنوان ہیں سرکارِ دوعالمؐ
توحید کا ارمان ہیں سرکارِ دوعالمؐ
ذات ان کی سراپائے کرم آیۂِ رحمت
سرمایۂِ ایمان ہیں سرکارِ دوعالمؐ
خاموشی میں اسرارِ رسالت کے نگہباں
گفتار میں قرآن ہیں سرکارِ دوعالمؐ
محشر میں ہر اک سمت سے مایوس دلوں کی
تسکین کا سامان ہیں سرکارِ دوعالمؐ
دیکھے تو کوئی عظمت و توقیر بشر کی
اللہ کے مہمان ہیں سرکارِ دوعالمؐ
جو اور کسی کو بھی ظہوریؔ نہ ملے گا
وہ رتبہ ذیشان ہیں سرکارِ دوعالمؐ