آپ شاہد مبشّر نذیر آپ ہیں
آپ داعی سراجِ منیر آپ ہیں
آپ ہی سے ہدایت کے سب سلسلے
آپ ہادی ہیں منذر نذیر آپ ہیں
آپ ہی سے منوّر ہوئے دو جہاں
نُورِ مطلق سے خود مستنیر آپ ہیں
اہل ایماں پہ لازم ہے دیں کی مدد
اہلِ ایماں کے حامی نصیر آپ ہیں
آپ کا رب ہے مولا نصیر آپ کا
ہم فقیروں کے مولا نصیر آپ ہیں
سب یتیموں کے حامی مددگار بھی
سب ضعیفوں کے آقا نصیر آپ ہیں
آپ کا خلق ، خلقِ عظیم اے کریم
حسنِ اخلاق میں بے نظیر آپ ہیں
شہر علم آپ ہیں دارِ حکمت بھی ہیں
فضلِ رب سے علیم و خبیر آپ ہیں
آپ شاہد بھی ہیں آپ مشہود بھی
آپ سامع ، سمیع و بصیر آپ ہیں
آپ احمد ، محمد ہیں ، محمود ہیں
سر بہ سر حمدِ ربِّ کبیر آپ ہیں
سدرہ المنتہیٰ سے وراءالوریٰ
جلوۂ ذاتِ حق کے بصیر آپ ہیں
اب ہو نوری کو کیوں کوئی خوفِ بلا
چارہ گر آپ ہیں دستگیر آپ ہیں