آئی نسیم کوئے محمد صلی اللہ علیہ وسلم
کھنچنے لگا دل سوئے محمد صلی اللہ علیہ وسلم
کعبہ ہمارا کوئے محمد صلی اللہ علیہ وسلم
مصحف ایماں روئے محمد صلی اللہ علیہ وسلم
خوف و حزن کا نام نہ ہوگا خلد سے بھی کوئی کام نہ ہو گا
پہنچیں تو ہم تا کوئے محمد صلی اللہ علیہ وسلم
طوبیٰ کی جانب تکنے والو آنکھیں کھو لو ہوش سنبھالو
دیکھو قدِ دلجوئے محمد صلی اللہ علیہ وسلم
نام اسی کا باب کرم ہے دیکھو یہی محراب حرم ہے
دیکھ خم ابروئے محمد صلی اللہ علیہ وسلم
ہم سب کا رُخ سوئے کعبہ سوئے محمد روئے کعبہ
کعبہ کا کعبہ روئے محمد صلی اللہ علیہ وسلم
بھینی بھینی خوشبو لہکی بیدؔم دل کی دنیا مہکی
کھل گئے جب گیسوئے محمد صلی اللہ علیہ وسلم