ایک عاصی آج ہوتا ہے ثناخوانِ رسولؐ

ایک عاصی آج ہوتا ہے ثناخوانِ رسولؐ

دیکھیں کیا صادر ہوا س کے حق میں فرمانِ رسولؐ


چند آنسو ‘ چند نعتیں ‘ چند گلہائے درود

لے کے آئے ہیں یہ نذرانے گدایانِ رسولؐ


اپنی فردِ جرم ہاتھوں میں لیے باچشم نم

سوئے طیبہ جارہے ہیں پابجولانِ رسولؐ


آج دربارِ حرم میں بٹ رہے ہیں کچھ خطاب

سامنے رکھی ہے فہرست غلامانِ رسولؐ


شرط یہ ہے کہ اس میں شامل ہو ندامت کا خلوص

ؐایک آنسو بھی بہت ہے ‘ شرمسارانِ رسول


اب تو اس چوکھٹ سے مر کر ہی اٹھیں گے ایک دن

اب کہاں جاتے ہیں ہم حلقہ بگوشانِ رسولؐ


کیا عجب تم پر بھی پڑ جائے نگاہِ التفات

تم بھی بڑھ کر تھام لو اقبؔال دامانِ رسولؐ