برستی رحمتِ پروردگار دیکھیں گے

برستی رحمتِ پروردگار دیکھیں گے

خدا نے چاہا تو پھر وہ دیار دیکھیں گے


نظر کے سامنے پھر ہوگا گنبدِ خضرا

سکوں نگاہ کا، دل کا قرار دیکھیں گے


ملیں گے لمحے سبھی خوشبوؤں میں ڈوبے ہوئے

نہائے نور میں لیل و نہار دیکھیں گے


کھلی کھلی سی ملے گی ہر آرزو کی کلی

گلِ مراد پر رنگِ بہار دیکھیں گے


اگر حضورؐ نے چاہا تو دیکھنا اختؔر

ہم اُن کا بابِ کرم بار بار دیکھیں گے