دلوں کے ساتھ جبینیں جو خم نہیں کرتے

دلوں کے ساتھ جبینیں جو خم نہیں کرتے

وہ پاسِ مدحتِ خیر الامم ؐ نہیں کرتے


دعا بغیر، اجازت بغیر، اذن بغیر

ہم ایک لفظ سپرد قلم نہیں کرتے


کتابِ حق نے جنہیں مصطفےؐ قرار دیا

جز اُن کے اور کوئی ذکر ہم نہیں کرتے


کریم ایسے کہ انعام کرتے جاتے ہیں

جواد ایسے کہ نعمت کو کم نہیں کرتے


جو اُن کے جادہ رحمت سے منحرف ہو جائیں

زمانے اُن کو کبھی محترم نہیں کرتے


میسر آتی ہے جن کو درود کی توفیق

کسی بھی حال میں ہوں کوئی غم نہیں کرتے


نظر میں طائف و مکہ رہیں تو ان کے غلام

جواب میں بھی ستم کے، ستم نہیں کرتے