درُود و سلام اُس شہِؐ انبیا پر

درُود و سلام اُس شہِؐ انبیا پر اتارا ہے قرآن جس پر خُدا نے

وہ قرآں کہ جس کی بلیغ آیتیں ہیں خفی و جلی حکمتوں کے خزانے


کتابِ مبیں جس کو رُوح الامین ؑ خاتم المرسلینؐ کی طرف لے کے آیا

وُ ہ وحیِ الٰہی کہ جس کی حفاظت کا ذمہ لیا آپ ربِّ عُلا نے


جو بندوں کی جانب پیامِ خدا ہے ، جو رحمت نصیحت ہدایت شفا ہے

وہ منشورِ آخر روح سمجھے ، جسے قلب جانے ، جسے ذہن مانے


کھلے جس کی ترتیل سے ہم پر عقدے زمان و مکاں کے وراء الورا کے

ہوئے جس کی تنزیل سے ہم پہ روشن ازل سے ابد تک کے سارے زمانے


وُہ مجموعہء خیر روشن صحیفہ ، بٹھایا ہے اسلام کا جس نے سِکہ

سکھایا ادب جس نے خیر الوریٰ ؐ کا، سکھا یا ادب جس کا خیر الوریٰ ؐ نے