ہوں اگر ہشیار تو ہشیارِ ختم المرسلیں ؐ
ہوں اگر سر شار تو سرشارِ ختم المرسلیں ؐ
ہاں کہو پتھر دلوں کو موم کِس نے کردیا
اللہ اللہ نرمئِ گفتارِ ختم المرسلیں ؐ
جاؤ تم بس کی تمہارے بات یہ ہرگز نہیں
اے طبیبو! میں تو ہوں بیمارِ ختم المرسلیں ؐ
جو بھی آتا ہے یہیں کا ہو کے رہ جاتا ہے وہ
دیکھ لیجئے گرمئِ بازارِ ختم المرسلیں ؐ
کاش مجھ کو خواب میں دیدار ہو جائے کبھی
کہ ہے دیدارِ خُدا دیدارِ ختم المرسلیں ؐ
میرے مو لا ! اِک یہی خواہش تو باقی رہ گئی
دیکھوں اِن آنکھوں سے مَیں دربارِ ختم المرسلیں ؐ
کیوں نہ یہ آقا مِرے آقا پہ مِٹ جائیں تائبؔ
جب کہ ہے جبریل خدمتگارِ ختم المرسلیں ؐ