جب سے وہ دلدار ہوئے ہیں

جب سے وہ دلدار ہوئے ہیں

اپنے بیڑے پار ہوئے ہیں


نعتِ نبی پڑھتے رہنے سے

لہجے خوشبودار ہوئے ہیں


باغِ عدن کی داد رسی کو

خَلق تِرے رخسار ہوئے ہیں


رب اُس اُس کا ہوتا گیا ہے

جس جس کے سرکار ہوئے ہیں


اُن کی گلیاں گھومنے والے

جنّت کے حقدار ہوئے ہیں


آپ کے ہوتے طوفانوں کے

سب حملے بیکار ہوئے ہیں


اُن آنکھوں کی پیاسی جنّت

جن کو تِرے دیدار ہوئے ہیں


شہرِ نبی کیا دیکھا، گویا

غفلت سے بیدار ہوئے ہیں


دیکھئیے اُن کا فیضِ تبسم

دشتِ دل گلزار ہوئے ہیں