جُود و عطا میں فرد، وہ شاہِؐ حجاز ہے

جُود و عطا میں فرد، وہ شاہِؐ حجاز ہے

سب پر کرم ہے، اور بِلا امتیاز ہے


قلبِ زمیں میں، شہرِ مدینہ وہ راز ہے

انساں تو کیا، فرشتوں کو بھی جس پہ ناز ہے


محمود زندگی ہے اُسی خوش نصیب کی

اُن کے کسی غلام کا جو بھی ایاز ہے


سُلطانِ انبیاء کے مراتب نہ پوچھئیے

زیبا اُنہی کو ہر شرف و امتیاز ہے


کس کو ہو تابِ جلوۂ دیدارِ مصطفٰؐے

جوہر میں آئینے کے خود آئینہ سار ہے


جو اُن لے التفات و کرم سے ہے سرفراز

دونوں جہاں کے غم سے وہی بے نیاز ہے


اے حاسدِ رسولِؐ خدا! عاقبت سنوار!

احساسِ جُرم کر، کہ درِ توبہ باز ہے


جو ہے نبیؐ کے رُتبۂ عالی سے بے خبر

فتنہ وہی ہے ، دین میں وہ رخنہ ساز ہے


اُس آستاں پہ ہم ہیں تصّور میں سجدہ ریز

سب سے جدا نصیرؔ ہماری نماز ہے