کس کی آنکھیں کس کی ہے ایسی جبیں یا رحمت اللعالمیں

کس کی آنکھیں کس کی ہے ایسی جبیں یا رحمت اللعالمیں

آپ کا چہرہ ہے یا عرشِ بریں یا رحمت اللعالمیں


نوری و ناری و خاکی آپ کے در کے غلام

آپ کا نوکر ہے جبریلِؑ امیں یا رحمت اللعالمیں


یہ تبسم ، یہ ترحّم ، یہ تکلّم ، یہ تحمل آپ میں

کون سی دل کھینچتی خوبی نہیں یا رحمت اللعالمیں


آپ کے آگے ادب سے ہیں خمیدہ جانے کب سے آسماں

آپ کے قدموں میں سورج کی جبیں یا رحمت اللعالمیں


کرنے آتے ہیں عقیدت سے فرشتے آپ کے گھر کا طواف

آپ کا گھر ہے کہ جنت کی زمیں یا رحمت اللعالمیں


آپ کو یوسف نے دیکھا جب شب معراج تو اس پر کھلا

کون ہے کتنا مکمل کون ہے کتنا حسیں یا رحمت اللعالمیں


ساری دنیا کی شفاعت کے لیے نظریں جمی ہیں آپ پر

گنبد خضرا کے مالک اور مکیں یا رحمت اللعالمیں


مرحبا اے مرکزِ مہر و وفا ! اے صاحب خُلقِ عظیم

آپ کا قد ہے مگر سایہ نہیں یا رحمت اللعالمیں


اپنے اس مجذوب انجؔم پر بھی ہوں نظر کرم کی بارشیں

یہ بھٹکتا ہی نہ رہ جائے کہیں یا رحمت اللعالمیں