منبعِ علمِ نبوت آپ ہیں
یا نبی نورِ رسالت آپ ہیں
یا نبی روزِ ازل سے تا ابد
ہر زمانےکی ضرورت آپ ہیں
شاخِ طوبیٰ کی قسم ثانی نہیں
عظمتوں کی ایسی قامت آپ ہیں
آپ سے سرسبز کشتِ زندگی
مصطفےٰ بارانِ رحمت آپ ہیں
جانتا ہے صرف ربِ ذوالجلال
یا نبی ایسی حقیقت آپ ہیں
آپ ہی پر ختم ہے یہ سلسلہ
صاحبِ ختمِ نبوت آپ ہیں
حشر میں بہرِ شفیقِؔ بے عمل
یا نبی بہرِ شفاعت آپ ہیں