مسجدِ عشق میں دن رات عبادت کرنا
میرا پیشہ ہے محمدؐ سے محبت کرنا
آپؐ کے چاہنے والوں میں مرا نام بھی ہے
یا نبیؐ مجھ کو بھی شائستۂ رحمت کرنا
روزنِ خواب و تصور سے بھی صرف ایک نظر
دیکھ لو اُن کو تو اعلانِ بصیرت کرنا
اُن کو پڑھ لو تو اطاعت کے لب و لہجہ میں
عمر بھر ترجمۂ آیۂ سیرت کرنا
کام آئے گی تو آئے گی غلامی اُن کی
اُن کی دہلیز پہ سر رکھ کے حکومت کرنا
آپ کے سائے میں ہو حشر مرا میرے حضورؐ
اپنے ہمراہ مجھے داخلِ جنت کرنا
زہے قسمت مرا آقاؐ مرا مولاؐ وہ ہے
جس کا منصب ہے رسولوں کی امامت کرنا
پڑھ کے قرآنِ خدا میں نے مظفر سیکھی
مالک و سرورِ کونینؐ کی مدحت کرنا