نبیّوں سے بڑھ کر نبی آگیا ہے

نبیّوں سے بڑھ کر نبی آگیا ہے

جو سب سے بڑا تھا وہی آگیا ہے


جہانوں میں جس کے لیے ہر قدم پر

نئی ایک مشعل جلی آگیا ہے


یہ دنیا ترستی تھی جس کی صدا کو

وہی لے کے دنیا نئی آگیا ہے


بصد شوق جس کے لیے آسماں پر

فرشتوں کی محفل سجی آگیا ہے


مِلا جس کے قدموں کو چھُو کر اُجالا

سحر جس کے آگے جُھکی آگیا ہے


بنائے گئے جس کی خاطر دو عالم

وہی آگیا ہے وہی آگیا ہے