رسولِ اوّل و آخر کے لب اچھے زباں اچھی
دیا اُس کو جنم جس نے وہ باپ اچھا وہ ماں اچھی
ہزاروں آسمانوں سے ہے اُس کا آسماں بہتر
ہزاروں کہکشاؤں سے ہے اس کی کہکشاں اچھی
جو اُس کے کام آجائے وہی مردِ فقیر اچھا
جو قرباں اُس پہ ہو جائے وہی ہے صرف جاں اچھی
وہی مخلوق میں لاریب یکتا اور لاثانی
اُسی کی ذات رب کے بعد زیرِ آسماں اچھی
اُسی کے گھر کی دیواریں مقدس اور پاکیزہ
اُسی کے روضۂ اطہر کی ساری جالیاں اچھی
جسے سچی محبت ہو رسول پاکؐ سے انجؔم
مجھے لگتی ہیں اُس مردِ خدا کی مستیاں اچھی