روشن یہ کائنات ہے ، سرکار آپ سے

روشن یہ کائنات ہے ، سرکار آپ سے

ہر تیرگی کو مات ہے سرکارآپ سے


پھیلا ہوا ہے نور دو عالم میں آپ کا

تزئین ِ شش جہات ہے ، سرکار آپ سے


یہ جن و انس شمس و قمر بحروبر گھٹا

ہر ایک کو ثبات ہے ، سرکار آپ سے


ہے آپ ہی کے ذکر سے ہر دن مرا حسیں

پُر کیف میری رات ہے ، سرکار آپ سے


میں نعت گو نہ تھا تو کوئی جانتا نہ تھا

مشہور میری ذات ہے ، سرکار آپ سے


آصف کی زندگی میں ہمہ دم سجی ہوئی

بزمِ تصورات ہے ، سرکار آپ سے