شاہِ دیں سیدِ الانبیا کی ثنا

شاہِ دیں سیدِ الانبیا کی ثنا

کر رہا ہوں رقم مصطفیٰؐ کی ثنا


رب نے بخشی ہے توفیقِ مدحِ نبیؐ

ہے زباں پر حبیبِ خدا کی ثنا


کر نہیں سکتا وہ مدحِ اہلِ دول

جس کے لب پر ہے خیر الوریٰ کی ثنا


ہے اثاثہ رہِ آخرت کے لیے

حمدِ باری شہِ دوسرا کی ثنا


حُبَّ سرور سے خالی ہیں جن کے قلوب

کیا لکھیں گے وہ شاہِ ہدیٰ کی ثنا


کام آئے گی محشر کے دن بالیقیں

میرے آقا رسولِ خدا کی ثنا


مدحِ آلِ نبی و صحابہ کے ساتھ

کیجیے دین کے اولیا کی ثنا


جو ہیں منکر پیمبر کی تعظیم کے

ہے عبث ایسے اہلِ ریا کی ثنا


فکرِ احسنؔ کو پاکیزگی مل گئی

جب سے شامل ہوئی مصطفیٰؐ کی ثنا