تڑپ دل میں نہ آنکھوں میں نمی ہے
ابھی کامل کہاں عشقِ نبی ہے
سراپا نور ہے جو روشنی ہے
اگر ہے کوئی تو ذاتِ نبی ہے
مدینے کی زیارت خوب کی ہے
مگر آنکھوں میں اب بھی تشنگی ہے
درودِ پاک پڑھ کر دم کیا کر
مرض تیرا اگرچہ دائمی ہے
تبھی خورشید چمکا آسماں کا
شعاعِ ماہِ طیبہ جب پڑی ہے
مدد کے واسطے تشریف لائیں
شہِ بطحا ! مصیبت کی گھڑی ہے
نہیں ہے کوئی آقا کے سوا، اب
قیامت تک اُنہی کی پیروی ہے
شہا ! آکر اسے آباد کر دیں
بہت ویران دل کی جھوپڑی ہے
شفیقؔ آقا کی مدحت میں مزے سے
ہماری زندگی اب کٹ رہی ہے