یاد اُس دَر کی مِرے دل کو سدا خوش رکھّے
مجھ کو تا حشر مدینے کی فضا خوش رکھّے
شاد آباد کرے، روزِ جزا خوش رکھّے
خوش وہ جس سے بھی رہیں اُس کو خدا خوش رکھّے
جو مَٹیں اُن کے لیے، جو ہوں نچھاور اُن پر
لبِ کوثر، اُنہیں جنّت کی ہوا خوش رکھّے
مَیں غمِ شاؐہِ دو عالَم میں حضوری چاہوں
غیر ممکن ہے کوئی اور دوا خوش رکھّے
اُنؐ ا دیدار قیامت میں سہی، برحق ہے
یہ جزا ہے تو مجھے ایسی جزا خوش رکھّے
اُن کی خوشنودی خاطر کے لیے کچھ بھی نہیں
شاید ایسا ہو مِرا ذوقِ وفا خوش رکھّے
دردِ دل، سوزِ جگر اُن کی محبت نے دیا
مَیں تو خوش ہُوں، اِسی عالَم میں خدا خوش رکھّے
حشر کی دُھوپ کی پروا ہے، نہ خطرہ، نہ خیال
اُس کو کیا غم؟ جسے رحمت کی گھٹا خوش رکھّے
قرب ہے صر ف ترے دَر کا مسّرت افزا
دُور رہ کر کوئی کیا خود کو بھَلا خوش رکھّے
آستاں سے ترے دُوری پہ پریشاں ہے نصیرؔ
ساری دُنیا کی خوشی بھی اُسے کیا خوش رکھّے