رب نے قرآں کی روشنی دی ہے
ہم کو یہ خوب آگہی دی ہے
رب کے احکام پر چلا جو یہاں
رب نے پھر اس کو سروری دی ہے
درسِ وحدت دیا ہے جس نے بھی
اس کو مولا نے شانتی دی ہے
سرفرازی کے واسطے رب نے
عاجزی دی ہے سادگی دی ہے
جو بھی احکامِ رب سے دُور رہا
اس کو مولا نے بےبسی دی ہے
آخرت کو سنوارنے کے لیے
اے خدا تونے زندگی دی ہے
اپنے فضل و کرم سے مولا نے
میرے کاموں میں بہتری دی ہے
عاشقِ اولیا ہُوں، رب نے مجھے
دوستی اُن کی دائمی دی ہے
یہ بھی رب کا کرم ہوا مجھ پر
میرے شعروں میں نغمگی دی ہے
رب کا احساں ہے یہ بڑا طاہرؔ
ہم کو آقاﷺ کی رہبری دی ہے