حضور ﷺ میری تو ساری بہار آپﷺ سے ہے
میں بے قرار تھا میرا قرار آپ سے ہے
کہا ں وہ ارض مدینہ کہاں میری ہستی
یہ حاضری کا سبب بار بار آپﷺ سے ہے
سیاہ کار ہوں آقا بڑی ندامت ہے
قسم خدا کی یہ میرا وقار آپ سے ہے
میری تو ہستی ہی کیا ہے میری غریب نواز
جو مل رہا ہے مجھے سارا پیار آپﷺ سے ہے
میں اس یقین سے زندہ ہوں آپ میرے ہیں
میری حیات کا دارومدار آپ سے ہے
محبتوں کا صلہ ایسے کون دیتا ہے
سنہری جالیوں میں یارِ غار آپ سے ہے
شاعر کا نام :- رفیق ضیاء