مَیں کہاں، وہ سرزمینِ شاہِؐ بحرو بر کہاں

مَیں کہاں، وہ سرزمینِ شاہِؐ بحرو بر کہاں

اُن کے نقشِ پا پہ سجدہ کر سکے وہ سَر کہاں


اس سے بہتر، اِس سے برتر، اِس سے بڑھ چڑھ کر کہاں

دلربائی میں جوابِ گُنبدِ اخضر کہاں


آگئی ہے یاد اُن کی، لے اُڑا ہے جذبِ شوق

اب ٹھہر سکتا ہے پہلو میں دلِ مضطر کہاں


ہو چراغاں لاکھ، لیکن ظلمتیں مِٹتی نہیں

اُن کا جلوہ ہی نہ ہو جس میں، وہ روشن گھر کہاں


چاہتا ہوں، زندگی گزرے دیارِ پاک میں

شوق وارفتہ سہی، ایسا مقدّر پر کہاں


یا محمدؐ کہہ کے ، عاصہ حشر میں چُپ ہوگئے

گفتگو کی تاب، پیشِ داورِ محشر کہاں


اُن کی الفت میں نہیں گنجائش چون و چرا

کفر ہے اِس راہ میں کب، کیسے، کیا، کیوں کر، کہاں


راہِ عشقِ مصطفیٰؐ میں ذوق ہے زادِ سفر

رہرووں کے پاس کوئی بوریا، بستر، کہاں


طائرِ دل سُوئے عصیاں لاکھ پر مارے، مگر

دام ِرحمت سے بھلا یہ جائے گا بچ کر کہاں


سنگِ اسود ہے نصیرؔ اپنی جگہ اپنا جواب

زینتِ دیوارِ کعبہ یُوں کوئی پتّھر کہاں

شاعر کا نام :- سید نصیرالدیں نصیر

کتاب کا نام :- دیں ہمہ اوست

دیگر کلام

اذن و فضل و عطا بسم اللّٰہ

نام محمد ایسا یکتا جو یکتا سے بھی آگے

مقصودِ زندگی ہے اِطاعت رسوؐل کی

اللہ نے حِرا میں بٹھایا ہے آپ کو

ترے ذکر و فکر میں دن ڈھلا تری گفتگو میں سحر ہُوئی

مدحِ میر و قصیدۂ سُلطاں

راحتیں ہوں نہ میسّر تری مدحت کے بغیر

کرم تیرے دا نہ کوئی ٹھکانہ یا رسول اللہؐ

ہادئ و رہبر و امام تم پہ درود اور سلام

امت کو بلائوں نے گھیرا سرکار توجہ فرمائیں