نبیؐ کا عشق ملا ساری کائنات ملی
دل و نگاہ کو اک جاوداں حیات ملی
مِلے حضورؐ متاعِ تجلیات ملی
حسین تر ہمیں اک اور کائنات ملی
ہر ایک فکر سے ہر غم سے ہوگئے آزاد
حسابِ سود و زیاں سے ہمیں نجات ملی
جمالِ گنبدِ خضریٰ سے جو نہیں غافل
وہی نظر تو ہمیں جا مِعُ الصّفات ملی
جہاں میں سارے ہیں اچھوں کے چاہنے والے
گنہگاروں کی حامی تمہاری ذات ملی
سبھی کو دیکھا ہے اک اک کو آزمایا ہے
تمہاری یاد مگر حلِّ مشکلات ملی
جہاں میں غیرتِ خورشید بن کے چمکا ہے
وہ ذرہ جس کو ترے حُسن کی زکوٰۃ ملی
کسی طرح جو اندھیروں سے آشنا ہی نہیں
بیاد ِ سرورِ عالم ؐ ہمیں وہ رات ملی
نبیؐ کے عشق کا فیضان ِ خاص ہے خالدؔ
وہ کیفیت جو مجھے حاصلِ ثبات ملی
شاعر کا نام :- خالد محمود خالد
کتاب کا نام :- قدم قدم سجدے