فتح کیوں حاصل نہ ہوتی خون کو

فتح کیوں حاصل نہ ہوتی خون کو شمشیر پر

شمر قابض ہو گیا تھا سینہ شبیر پر


دو گواہوں کی جگہ ہیں دستخط قرآن کے

کربلا میں خون سے لکھی ہوئی تحریر پر


سارے مظلوموں کی ہے آواز، آواز حسین

بولتا ہے اس کا خوں ہر تیغ پر ہر تیر پر


کٹ گئے فولاد کے حلقے بھی دھاگے کی طرح

پیاس نے جب ہاتھ ڈالا ظلم کی زنجیر پر


ہر نماز اس کی شہادت کے مصلّے پر پڑھوں

اس کی شہ رگ کا لکھا ہے نام ہر تکبیر پر


دین جھوٹے بستہ برداروں کی زد پر آگیا

ٹکڑے ٹکڑے ہو کے شیشہ گر گیا تصویر پر


اس کی قربانی مظفر کر گئی زندہ ہمیں

بن گئے کتنے محل اک حسرت تعمیر پر

شاعر کا نام :- مظفر وارثی

کتاب کا نام :- میرے اچھے رسول

دیگر کلام

بو تراب و شہ مرداں اسد اللہ علی

دکھائے ہجرت نبیؐ کو اپنے گھاؤ کربلا

دین حق بچ گیا قربانیِ جاں ایسی تھی

تاریخ ہے نگاہ نظارہ حسین ہے

مظلوم جب بھی لڑتا ہے

اس قدر تیری حرارت مرے ایمان میں آئے

میری آنکھوں میں اس کا لہو آگیا

جہا ں بھی حق پر ، چلے گا خنجر

جب موذّن چھیڑتا ہے سلسلہ تکبیر کا

تیرے لہُو کو جب لہُو میرا بُلا ئے گا