جس کی جراءت پر جہانِ رنگ و بُو سجدے میں ہے

جس کی جراءت پر جہانِ رنگ و بُو سجدے میں ہے

آج وہ رمز آشنائے سرَّ ھُو سجدے میں ہے


ہر نَفَس میں انشراحِ صدر کی خوشبو لیے

منزلِ حق کی مُجَّسم جُستجو سجدے میں ہے


با نیاز بندگی اللہ کا اِک عبدِ خاص

حسبِ حکمِ فَاعْبُدُوہُ وَاسْجُدُو سجدے میں ہے


کیسا عابد ہے یہ مقتل کے مُصلّٰے پر کھڑا

کیا نمازی ہے کہ بے خوفِ عَدُو سجدے میں ہے


اے حُسین ابنِ علی تجھ کو مبارَک یہ عُروج

آج تُو اپنے خدا کے رُو برو سجدے میں ہے


ابنِ زھرا اِس تِری شانِ عبادت پر سلام

سر پہ قاتل آچکا ہے اور تُو سجدے میں ہے


اللہ اللہ تیرا سجدہ اے شبیہِ مصطفیٰؐ

جیسے خود ذاتِ پیمبر ہُو بَہُو سجدے میں ہے


یہ شرف کس کو ملا تیرے علاوہ بعدِ قتل

سر ہے نیزے کی بلندی پر، لَہُو سجدے میں ہے


محوِ حیرت ہیں ملائک ، دم بخود ہے کائنات

آج مقتل میں علی کا ماہرُو سجدے میں ہے


تھا عمل پیرا جو کلّا لا تُطِعْہُ پر ، وہ آج

بن کے وَاسْجُد وَاقْتَرِبْ کی آرزو سجدے میں ہے


سر کو سجدے میں کٹا کر کہہ گیا زہرا کا لا ل

کچھ اگر ہے تو بشر کی آبرو سجدے میں ہے


کون جانے ، کون سمجھے ، کون سمجھائے نصیؔر

عابد و معبود کی جو گفتگو سجدے میں ہے

شاعر کا نام :- سید نصیرالدیں نصیر

کتاب کا نام :- فیضِ نسبت

دیگر کلام

ہر قدم پر ہمیں بخشے گا سہارا داتاؒ

تھا کربلا کا معرکہ پورے شباب پر

تبھی دل میں سرایت ہے ،علی ہمدم علی ہست

نخوت و پندار کے بت توڑنے والا عمرؓ

مجھا پیر نے پیشوا غوثِ اعظم

سارا عرب تمام عجم غوثِ پاکؒ کا

ملکِ ولاء کے سیدوسلطان ہیں علی

شاہاں دے نالوں چنگا اے منگتا فرید دا

بانوانِ ملکِ عفّت امہات المومنین

جمال حق رخ روشن کی تاب میں دیکھا