تُو نے باطل کو مٹایا اے امام احمدرضا
دین کا ڈنکا بجایا اے امام احمدرضا
زور باطل کا، ضَلالت کا تھا جس دم ہند میں
تُو مجدِّد بن کے آیا اے امام احمدرضا
اہلِ سنّت کا چمن سر سبز تھا شاداب تھا
تازگی تُو اور لایا اے امام احمد رضا
تُونے باطل کو مٹا کر دین کو بخشی جِلا
سنّتوں کو پھر جِلایا اے امام احمدرضا
اے امامِ اہلِ سنّت نائبِ شاہِ اُمم
کیجئے ہم پر بھی سایہ اے امام احمدرضا
علم کا چشمہ ہوا ہے مَوجزَن تحریر میں
جب قلم تُو نے اٹھایا اے امام احمدرضا
حشر تک جاری رہے گا فیض مرشِد آپ کا
فیض کا دریا بہایا اے امام احمدرضا
ہے بدرگاہِ خدا عطارِؔ عاجِز کی دعا
تجھ پہ ہو رحمت کا سایہ اے امام احمدرضا
شاعر کا نام :- الیاس عطار قادری
کتاب کا نام :- وسائلِ بخشش