وجہ تسکینِ دل و جان حسینؑ ابنِ علی ؑ
دین اسلام کی پہچان حسینؑ ابن علی ؑ
میرا جو کچھ بھی ہے اے سبطِ نبیؐ پیارے امام ؑ
آپ پر کرتا ہوں قربان حسین ؑ ابن علی ؑ
ظلم کے دیو کی بیعت میں تھا جو بھی مضمر
کیسے رہ سکتے تھے انجان حسین ؑ ابن علی ؑ
جو گلستانِ رسالت میں مہکتے ہیں گلاب
اُن کی تو آپؑ ہیں مسکان حسین ؑ ابن علی ؑ
اُن ؑ کی خدمت میں گزاروں گا حیات اپنی میں
بن کے آجائیں جو مہمان حسین ؑ ابن علی ؑ
عظمت و شوکت و افکارِ علی ؑ آپ ؑ سے ہے
آپ ہیں بولتا قرآن حسینؑ ابن علیؑ
یاحسینؑ آپ ؑ کی شفقت کا سہارا ہے مجھے
آپ ؑ ہیں مجھ پہ مہربان حسین ؑ ابنِ علی ؑ
شاعر کا نام :- عبد المجید چٹھہ
کتاب کا نام :- عکسِ بو تراب