آپ کی عنایت سے دن مرے گزرتے ہیں
جھولیاں مرادوں سے آپ ہی تو بھرتے ہیں
ان سے پیار کرتا ہے دوستو خدا میرا
آمنہ کے پیارے سے جو بھی پیار کرتے ہیں
ذکر مصطفیٰ واللہ دوستو بڑی شے ہے
چاہتوں کے رنگ ان کے ذکر سے نکھرتے ہیں
کچھ نہیں ہے اس کے سوا مقصد حیات اپنا
جیتے ہیں تو ان کے لئے اور انہیں پہ مرتے ہیں
اُن پر ہی تو کھلتے ہیں رحمتوں کے دروازے
جو رسول اکرم سے اور خدا سے ڈرتے ہیں
اوروں پر جو مرتے ہیں اور ہیں نیازی وہ
مصطفیٰ کے دیوانے مصطفیٰ پہ مرتے ہیں
جتنا یاد کرتے ہیں ہم گنہ گار ان کو
اس سے بڑھ کے پیارے نبی ہم کو یاد کرتے ہیں
ذکر سرور عالم جس جگہ بھی ہوتا ہے
آسماں سے نوری بھی اس جگہ اُترتے ہیں
شاعر کا نام :- عبدالستار نیازی
کتاب کا نام :- کلیات نیازی