دھوم ہے ہر جا محمد مصطفیٰ پیدا ہوئے
آج سلطان رسل نجم الہدی پیدا ہوئے
واہ کیا صل علی صل علی پیدا ہوئے
وہ نبی جنکے سبب ارض وسما پیدا ہوئے
جنکے سر پر تاج لولاک لما ہے مومنو
وہ ظہور جلوہ شان خدا پیدا ہوئے
ہے لقب یسین و طلہ جن شہ ذیجاہ کا
وہ مزمل اور مدثر مجتبی پیدا ہوئے
بولے یہ جبریل سقف کعبہ پر لے کر علم
لو مبارک ہو کہ محبوب خدا پیدا ہوئے
بے کہے قم مردہ صد سالہ زندہ ہونگے آپ
رشک عیسی فخر آدم مصطفیٰ پیدا ہوئے
جن کے نور پاک سے شرمندہ ہے یہ ماہتاب
آج وہ شمس الضحی بدرالدجی پیدا ہوئے
خلق کیا جانے احد احمد کا فرق اے دوستو
اتنا ہم سمجھے کہ اسرار خدا پیدا ہوئے
خوف عصیاں کچھ نہ کر صد شکر ہے بیدم کہ آج
شافع روز جز خیر الورا پیدا ہوئے
شاعر کا نام :- بیدم شاہ وارثی
کتاب کا نام :- کلام بیدم