دلِ بے چین کی راحت نبی کی نعت ہوتی ہے
یقیناً باعثِ رحمت نبی کی نعت ہوتی ہے
میسّر ہے جنھیں عشقِ شہِ دیں جانتے ہیں وہ
ہر اک سُورہ ہر اک آیت نبی کی نعت ہوتی ہے
بُوصیری جامی و سعدی جناب حضرتِ حساں
سبھی عشاق کی زینت نبی کی نعت ہوتی ہے
خدا کے فضل سے دارین میں وہ شاد رہتے ہیں
کرم سے جن کی بھی عادت نبی کی نعت ہوتی ہے
ثنا خوانو! اِسے دنیا کے سِکّوں سے نہیں تولو
سُنو انمول اک دولت نبی کی نعت ہوتی ہے
کلامِ کبریا مرزا یہ مدّاحِ پیمبر ہے
خدائے پاک کی سُنت نبی کی نعت ہوتی ہے
شاعر کا نام :- مرزا جاوید بیگ عطاری
کتاب کا نام :- حروفِ نُور