دل کی بنجر کھیتی کو آباد کرو
سرورؐ دیں، محبوبؐ خدا کو یاد کرو
نام نبی ؐ سے بگڑے کام سنور جائیں
اس کے وسیلے اللہ سے فریاد کرو
در در پھرنے والو ان کے در جاؤ
دیکھ کے روضہ قلب و نظر کو شاد کرو
راضی ہو جائے گا والی امت کا
ناداروں، مسکینوں کی امداد کرو
پاک وطن کی پاک فضا ہو جائے گی
کوچے کوچے میں ان کا میلاد کرو
ان کی یاد ظہوریؔ دل میں بس جائے
اپنے دل کو ہر غم سے آزاد کرو
شاعر کا نام :- محمد علی ظہوری
کتاب کا نام :- توصیف