حمد کی یوں توقیر بڑھائی جاتی ہے
’’حمد سے پہلے میم لگائی جاتی ہے‘‘
خوش بختی کے در پر دستک دینے کو
نعتِ نبیؐ کی بزم سجائی جاتی ہے
نامِ نبیؐ پر جان لٹا کر ، عاشق کو
جینے کی تدبیر بتائی جاتی ہے
خاکِ دیارِ شاہؐ پہ عشق کے سجدے کی
ماتھے پہ تصویر بنائی جاتی ہے
ہر محفل میں برکت لانے کی خاطر
سب سے پہلے نعت سنائی جاتی ہے
ان کی شفاعت کے مژدے کے سائے میں
بخشش کی امید سجائی جاتی ہے
صلِّ علیٰ کے ورد سے ، نعت کی رم جھم میں
میّت عاشق کی دفنائی جاتی ہے
حق کی خاطر دین کی سرافرازی کو
گردن بھی سجدے میں کٹائی جاتی ہے
شکر ہے طاہرؔ حبِ آقاؐ امّت کے
بچوں کے ذہنوں میں بٹھائی جاتی ہے
شاعر کا نام :- پروفیسر محمد طاہر صدیقی
کتاب کا نام :- ریاضِ نعت