جہل کا سرورِ ابلاغ پہ خم تو نے کیا

جہل کا سرورِ ابلاغ پہ خم تو نے کیا

ظلمت کفر کو خورشید حرم تو نے کیا


بت پرستی بھی کھینچی آئی صدا پر تیری

دیدۂ سنگ کو کس پیار سے نم تو نے کیا


جس سے انکار کوئی قوم نہیں کرسکتی

آدمیت پہ وہ احسان وہ کرم تو نے کیا


چاند تاروں سے بھی آگے تھی رسائی تیری

آسمانوں کو مشرف بہ قدم تو نے کیا


خاص ٹہری تو فقط تیری نبوت ٹہری

عام اللہ کو اللہ قسم تو نے کیا


چل پڑیں لوگ بھٹک کر نہ جُدا رستوں پر

اس لیے دین میں دنیا کو بھی ضم تو نے کیا


اس قدر تو کوئی ماں بھی نہ تڑپتی ہوگی

جس قدر اُمت بیمار کا غم تو نے کیا


تا ابد علم کی دنیائیں کرے گا آباد

حرف جو وقت کی لہروں پہ رقم تو نے کیا


شعر گوئی تو مظفر کو خدا نے بخشی

اپنا مداح اِسے شاہِ امم تو نے کیا 

شاعر کا نام :- مظفر وارثی

کتاب کا نام :- نورِ ازل

دیگر کلام

کاش ہم کو بھی مدینے کے نظارے ہوتے

صفا ہو جا وفا ہو جا

خواہش دیدار ہے مدت سے

عطا ہوئی ہے ہمیں اس لئے پناہِ رسول ﷺ

سجدے جبیں جبیں ہیں دعائیں زباں زباں

لہو دل دا ہنجواں دے نال آگیا اے

چل پڑا ہے قافلہ پھر سے مدینے کی طرف

خواب میں دید کا سامان بھی ہو سکتا ہے

عام مومن نہیں جب ولی کی طرح

کیا فکر ہے ۔۔۔ جب تم کو میسر ہیں محمدؐ