کبھی ان کی خدمت میں جا کے تو دیکھو
درِ مصطفیٰﷺ کھٹکھٹا کے تو دیکھو
جوابِ صدا تم کو فوراً ملے گا
انہیں صدق دل سے بلا کے تو دیکھو
وہ چاہیں تو لمحوں میں بگڑی بنا دیں
ادب سے انہیں کچھ بتا کے تو دیکھو
دعا خالی لوٹے یہ ممکن نہیں ہے
دعا کے لیے ہاتھ اٹھا کے تو دیکھو
وہ ہیں غم نصیبوں کا واحد سہارا
انہیں اپنا دُکھڑا سنا کے تو دیکھو
وہ آنسو کسی کے نہیں دیکھ سکتے
ندامت سے آنسو بہا کے تو دیکھو
چھپا لیں گے کملی میں تم کو وہ اپنی
انہیں فردِ عصیاں دکھا کے تو دیکھو
تڑپ کر لپٹ جاؤ قدموں سے ان کے
میرا مشورہ آزما کے تو دیکھو
اندھیرا بہت دور بھاگے گا تم سے
چراغِ عقیدت جلا کے تو دیکھو
نا معلوم اقباؔل کیا تم کو مل جائے
انہیں نعت اپنی سنا کے تو دیکھو
شاعر کا نام :- پروفیسراقبال عظیم
کتاب کا نام :- زبُورِ حرم