خوب قلب و نظر کی صفائی ہوئی
جب درِ مصطفیٰؐ پہ رسائی ہوئی
شہرِ رحمت میں پہنچے اماں مل گئی
ہر غمِ زندگی سے رہائی ہوئی
ان کا تاجِ غلامی تھا سر پر مرے
ہر کہیں اس لیے پیشوائی ہوئی
شانِ اظہار منہ دیکھتی رہ گئی
بار یاب اس طرح بے نوائی ہوئی
چاند تارے نگاہیں جھکانے لگے
داغِ ہجراں کی جب رونمائی ہوئی
وہ ہے خوشبو حرم کے در و بام کی
جھوک دل کی ہے جس نے بسائی ہوئی
وہ نویدِ شفاعت ہے سرکارؐ کی
آس تائب ہے جس نے بندھائی ہوئی
شاعر کا نام :- حفیظ تائب
کتاب کا نام :- کلیاتِ حفیظ تائب