کیا مرتبہ بیاں ہو رسالت مآبؐ کا

کیا مرتبہ بیاں ہو رسالت مآبؐ کا

کیسے حساب ہو کرمِ بے حساب کا


پیشِ نظر ہے قبلِ نبّوت کی زندگی

دیباچہ پڑھ رہا ہوں خدا کی کتاب کا


ہر دَور ہر دیار ہے جس کے محیط میں

قرآں وہ معجزہ ہے رسالت مآبؐ کا


ہر لحظہ سامنے ہیں مدینے کے بام و در

میں اور کیا بتاؤں سبب اضطراب کا


ہم سے کہیں زیادہ ہے اُنؐ کو ہماری فکر

ہم کو تو خوف تک نہیں روزِ حساب کا


مجھ سے گناہگار پہ رحمت حضوؐر کی

ذرّے کا ہے نصیب کرم آفتاب کا


آقاؐ ہمارے دورِ جہالت پہ بھی نظر

پھر حال ہے خراب جہانِ خراب کا


قدموں میں منہ چھپانے کو آیا ہے اک غلام

آقاؐ سلام لیجئے چشمِ پُر آب کا


پیشِ خدا چلو تو چلو اس طرح حنیفؔ

چمکے جبیں پہ نقش درِ مستجاب کا

شاعر کا نام :- حنیف اسعدی

کتاب کا نام :- ذکرِ خیر الانام

دیگر کلام

ہر پاسے خوشی اَج وَسدی اے

قرآں کا حرف حرف ہر آیت پسند ہے

نامِ خدا سے سلسلہ

دیکھ کر اس رخ روشن کی ضیا آج کی رات

شہرِ آقاؐ کو میں روانہ ہوں

برستی رحمتِ پروردگار دیکھیں گے

آنکھوں میں ترا شہر سمویا بھی

حمدِ خدا پسند ہے نعتِ نبی پسند

عشق شہ دیں مر کے بھی مرنے نہیں دیتا

سخا بن کر وفا بن کر کَرم بن کر عطا بن کر