میرے دل کی دھڑکنوں سے گفتگو کرتے ہیں آپؐ
مجھ کو میری خلوتوں میں قبلہ رُو کرتے ہیں آپؐ
میں بھٹک جاتا ہوں جب رستوں کی اُڑتی دھول میں
کتنی ہمدردی سے میری جستجو کرتے ہیں آپؐ
میرے سر پر دستِ شفقت پھیرتے ہیں پیار سے
میری ہر اچھی دعا کو با وضو کرتے ہیں آپؐ
اپنے لفظوں سے عطا کرتے ہیں اُن کو نغمگی
میرے جیسے شاعروں کو خوش گُلو کرتے ہیں آپؐ
کوئی رستہ بھولنے پائے نہ شہرِ نُور کا
روشنی سارے جہاں میں کُو بہ کُو کرتے ہیں آپؐ
جب بھیانک موت آتی ہے ڈرانے کے لیے
مجھ کو میری زندگی کے رُوبرو کرتے ہیں آپؐ
شاعر کا نام :- انجم نیازی
کتاب کا نام :- حرا کی خوشبُو